ستھرا پنجاب پروگرام: وزیراعلیٰ مریم نواز کا صفائی کے نظام کو سخت بنانے، ورکرز کو بروقت تنخواہوں اور فیلڈ مانیٹرنگ کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "ستھرا پنجاب” پروگرام کو صوبہ بھر میں فعال بنانے کے لیے صفائی کا نیا فریم ورک جاری کرتے ہوئے ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی اپنانے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور میں منعقدہ خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں میں یکساں طرز کے ڈسٹ بن اور گاربیج بیگز کا استعمال یقینی بنایا جائے اور تجارتی علاقوں سے کچرا اٹھانے کے اوقات مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے صبح 5 بجے مرکزی سڑکوں کی دھلائی، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن، اور خالی پلاٹوں کی صفائی کا فوری حکم دیا۔ ورکرز کے لیے ہمدردانہ قدم اٹھاتے ہوئے انہوں نے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ طلب کی اور تاخیر پر سخت ایکشن کا ڈرافٹ تیار کرنے کا کہا۔

علاوہ ازیں، صوبہ بھر میں اے ڈی سی سوشل سروسز کو صفائی کی مانیٹرنگ سونپ دی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، ریلوے ٹریکس، اور سبزی منڈیوں کے اطراف صفائی پر خصوصی زور دیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ "ستھرا پنجاب میرے دل کے بہت قریب ہے، ہمارا مقصد جرمانہ لگانا نہیں بلکہ صفائی یقینی بنانا ہے۔” اجلاس میں لاہور، خانیوال، مری اور قصور کی کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ فیصل آباد اور سیالکوٹ کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے سات روز بعد دوبارہ جائزہ اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button