سندھ میں 8 ماہ کے دوران خسرہ، خناق اور تشنج سے 88 بچوں کی ہلاکتیں

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ میں 8 ماہ کے دوران خسرہ، خناق اور تشنج سے بچوں کی ہلاکت کی رپورٹ سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق خسرہ کے 3 ہزار 123کیسز اور 53 آؤٹ بریکس سامنے آئے، رواں سال کے ابتدائی 8 مہینوں میں خسرہ سے 63، خناق سے 20 اور تشنج سے 5 بچوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
خسرہ کے 3 ہزار 123مصدقہ کیسز، خناق کے 57 جب کہ تشنج کے 20کیسز رپورٹ ہوئے، اس عرصے کے دوران صوبے کے 15 اضلاع میں خسرہ کے 53 آؤٹ بریکس کی بھی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت سندھ اور عالمی ادارہ صحت سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق 4 جنوری سے 8 اگست 2026 تک صوبے میں خسرہ کے 8 ہزار 32 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 3 ہزار 123 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
بچوں کی ہلاکتوں میں خیرپور سرفہرست ہے جب کہ دادو اور لاڑکانہ کا دوسرا،کراچی ایسٹ، سکھر و ٹھٹھہ کا تیسرا، بدین و شکارپور کا چوتھا اور مٹیاری کا پانچواں نمبر رہا۔
خسرہ کے مصدقہ کیسز میں 55 فیصد بچوں کو 9 ماہ یا اس سے زائد عمر کے باوجود خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں ملی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق خسرہ مہم میں ڈی ایچ اوز کی 100 فیصد کارکردگی کے دعوؤں کی آزادانہ جانچ کی ضرورت ہے۔



