چکن موموز

موموز ایک مقبول تبتی اور ہمالیائی ڈمپلنگ ہیں، جو آج نیپال، بھارت، بھوٹان اور خطے کے دوسرے حصوں میں بھی بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ موموز کی ابتدا تبت سے جوڑی جاتی ہے، جہاں یہ گوشت اور آٹے سے تیار کیے جانے والے روایتی ڈمپلنگ کے طور پر کھائے جاتے تھے۔ وقت کے ساتھ یہ نیپال پہنچے اور وہاں موموز نے اتنی مقبولیت حاصل کی کہ آج انہیں نیپالی اسٹریٹ فوڈ کی پہچان بھی سمجھا جاتا ہے۔ روایتی طور پر موموز کو بھاپ میں پکایا جاتا ہے، جبکہ آج چکن، بیف، سبزیوں، چیز اور مختلف مصالحوں سے ان کی کئی اقسام بنائی جاتی ہیں۔

اجزا:

میدہ: 2 کپ

نمک: ½ چائے کا چمچ

پانی: حسبِ ضرورت

چکن قیمہ: 250 گرام

پیاز: 1 درمیانی، باریک کٹی ہوئی

لہسن: 1 کھانے کا چمچ، کٹا ہوا

ادرک: 1 چائے کا چمچ، کٹی ہوئی

ہری مرچ: 1-2 عدد، باریک کٹی ہوئی

سویا سوس: 1 کھانے کا چمچ

کالی مرچ: ½ چائے کا چمچ

نمک: حسبِ ذائقہ

ہرا دھنیا یا ہرا پیاز: 2 کھانے کے چمچ

تیل: 1 کھانے کا چمچ

ترکیب:

میدے میں نمک شامل کرکے پانی سے نرم مگر قدرے سخت آٹا گوندھ لیں۔ اسے ڈھانپ کر تقریباً 20 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

ایک پیالے میں چکن قیمہ، پیاز، لہسن، ادرک، ہری مرچ، سویا سوس، کالی مرچ، نمک، ہرا دھنیا اور تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر انہیں بہت پتلی گول روٹی کی شکل میں بیل لیں۔ درمیان میں ایک چمچ چکن کا آمیزہ رکھیں اور کناروں کو موڑ کر مومو کی شکل دے دیں۔

اسٹیمر میں پانی گرم کریں اور اس کی پلیٹ پر ہلکا سا تیل لگا دیں۔ موموز کو ایک دوسرے سے تھوڑے فاصلے پر رکھیں تاکہ آپس میں چپکیں نہیں۔

انہیں 12 سے 15 منٹ بھاپ میں پکائیں۔ جب آٹا نرم اور چکن مکمل طور پر پک جائے تو موموز تیار ہیں۔

انہیں گرم گرم چٹپٹی مومو چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

مزید خبریں

Back to top button