ججز انتہائی مشکل حالات میں اہم ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں،ججز کو مضبوط بنانا درحقیقت نظامِ انصاف کو مضبوط بنانا ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ ججز انتہائی مشکل حالات میں اہم قومی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں، جبکہ مضبوط نظامِ انصاف کی بنیاد صرف قوانین اور اداروں پر نہیں بلکہ ججز کی فلاح و بہبود پر بھی استوار ہوتی ہے۔

عالمی یومِ عدالتی فلاح و بہبود کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس نے کہا کہ یہ دن اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ عدالتی فلاح و بہبود کوئی انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ عدالتی آزادی، ادارہ جاتی دیانت داری اور قانون کی حکمرانی پر عوامی اعتماد کی بنیادی شرط ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد، غیر جانبدار اور معیاری انصاف کی فراہمی کے لیے ججز کو مضبوط ادارہ جاتی معاونت، پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع، جدید عدالتی ماحول اور مؤثر انتظامی نظام فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ اپنے اصلاحاتی ایجنڈے میں عدالتی فلاح و بہبود کو بنیادی اہمیت دے رہی ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل تبدیلی، بہتر عدالتی انفراسٹرکچر، ادارہ جاتی معاونت اور عدالتی تعلیم اس اصلاحاتی پروگرام کے اہم ستون ہیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "ججز کو مضبوط بنانا درحقیقت نظامِ انصاف کو مضبوط بنانا ہے۔”

اپنے پیغام کے اختتام پر چیف جسٹس نے ملک بھر کے ججز کی دیانت داری، عزم اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قومی خدمت کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button