چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد یوسف کا میٹرک کے سنٹرز کا دورہ

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی محمد یوسف کا سکولوں میں میٹرک کے سنٹرز کا دورہ اور امتحانی عمل کی چیکنگ، انہوں نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول اشرف المدارس اور گورنمنٹ گرلز ستلوج ہائی سکول میں قائم امتحانی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امیدواروں کی حاضری، امتحانی ہالز میں روشنی و بیٹھنے کے انتظامات اور سیکورٹی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف نے امتحانی مراکز میں تعینات عملے کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت نقل کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائے۔ انہوں نے اساتذہ اور نگران عملے پر زور دیا کہ طلبہ کو پرسکون ماحول فراہم کریں تاکہ وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔ سی ای او نے پینے کے صاف پانی اور موسم کی شدت کے پیش نظر پنکھوں کی دستیابی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس مرتب کر رہی ہیں۔



