12سال سے آپکی حکومت ہے، آپ لوگوں نے کیا کیا؟چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کاکےپی وزراءسےاستفسار

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ ایس ایم عتیق شاہ نےخیبر پختونخوا کے صوبائی وزراء سے استفسار کیا ہے کہ صوبے میں 12 سال سے آپ کی حکومت ہے، آپ لوگوں نے کیا کیا؟ 12 ایسے افراد کے نام بتائیں جنہیں آپ نے برطرف کیا ہو۔پشاور ہائیکورٹ میں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، وزیر قانون آفتاب عالم، صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، مشیرِ داخلہ اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے لوگ بے امنی کی آگ میں جل رہے ہیں، 6 ماہ گزرنے کے باوجود آپ لوگوں نے کرمنل جسٹس سسٹم سے متعلق عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کیا، آپ لوگوں کو ایک ہی دن میں ہم نے246کیسز میں ضمانتیں دیں۔
عدالت نے کہا کہ علی امین گنڈاپور بطوروزیر اعلیٰ آئےتو عدالتی وقت ختم تھا پھربھی ہم نے انہیں ضمانت دی،سہیل آفریدی سے حلف نہیں لیا جا رہا تھا،وہ ہمارے پاس آئے اور ہم نے انہیں بھی ریلیف دیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی حکومت کو12سال ہو گئے،12ایسے افراد کے نام بتائیں جنہیں آپ نے برطرف کیا ہو، آپ کا ایک ایک پراسیکیوٹر12،12سال سے ایک ہی ضلع میں تعینات ہے،میں نےعدالتوں میں صوبے بھر میں تبادلے کیے،اگر آپ ہمیں سپورٹ نہیں کر سکتے تو کم از کم ہمارے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔



