ایران کے قشم جزیرے پر دفاعی حکمت عملی کے تحت حملے کیے، سینٹ کام

فلوریڈا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے قشم جزیرے پر دفاعی حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کی گئی ہیں، جبکہ متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران نے خطے کے مختلف ہمسایہ ممالک کی جانب کئی بیلسٹک میزائل داغے، تاہم کوئی بھی میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

بیان کے مطابق کویت کی جانب فائر کیے گئے دو ایرانی میزائل راستے میں ہی تباہ ہو گئے یا ٹکڑوں میں بکھر گئے، جبکہ بحرین کی طرف داغے گئے تین میزائلوں کو امریکی اور بحرینی فضائی دفاعی نظام نے مشترکہ کارروائی میں فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

سینٹ کام نے مزید کہا کہ خطے میں اتحادی ممالک کے دفاع اور بحری راستوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق قشم شہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد مقامی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

بحرین اور کویت میں فضائی حملے کے سائرن بجائے جانے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button