اینٹی کرپشن کی ٹاؤن کمیٹی ٹنڈو باگو کےخلاف تحقیقات تیز،دوسراری مائنڈر نوٹس جاری

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ پی کے)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیدرآباد ڈویژن نے ٹاؤن کمیٹی ٹنڈو باگو کیخلاف درج شکایت نمبر AP-111/2026 کی تحقیقات تیز کرتے ہوئے ٹاؤن آفیسر کو مطلوبہ ریکارڈ پیش کرنے کے لیے دو یاددہانی (ری مائنڈر) نوٹس جاری کر دیے ہیں ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات اور اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹسوں کے مطابق، پہلا ری مائنڈر 10 جون 2026 کو جاری کیا گیا تھا، جس میں 19 جون تک مطلوبہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تاہم مقررہ مدت میں ریکارڈ جمع نہ کرانے پر 24 جون 2026 کو دوسرا ری مائنڈر جاری کیا گیا، جس کے ذریعے متعلقہ حکام کو دوبارہ ہدایت کی گئی ہے کہ یکم جولائی 2026 کو اینٹی کرپشن آفس حیدرآباد میں مکمل ریکارڈ پیش کیا جائے ذرائع اور نوٹسوں کے مطابق تحقیقات کے دوران گزشتہ تین برسوں میں ملازمین کی ترقیوں سے متعلق ریکارڈ، ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (DPC) کے اجلاسوں کی کارروائی، OZT شیئر کی وصولیوں اور اخراجات کی تفصیلات، ملازمین کے بقایا واجبات، تنخواہوں یا پنشن سے کی گئی مبینہ کٹوتیوں کا ریکارڈ، اور بعض افسران کی مبینہ غیر قانونی ترقیوں کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے ذرائع کے مطابق نوٹسوں میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ وقت پر مطلوبہ ریکارڈ پیش نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی دوسری جانب ٹاؤن کمیٹی کے بعض ملازمین نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ان کے بقایا واجبات تاحال ادا نہیں کیے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کی ممکنہ کارروائی سے بچنے کے لیے متعلقہ افسران اپنی پوزیشن بچانے کی آخری کوششوں میں مصروف ہیں۔



