کیپٹن محمد سرور شہید کا 78واں یومِ شہادت: وزیراعظم شہباز شریف کا عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال شجاعت، بے لوث وفاداری اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزادیٔ کشمیر کے محاذ پر دشمن کا تاریخی جرات اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہیں مادرِ وطن کے دفاع میں غیر معمولی قربانی کے اعتراف میں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔ انہوں نے میدانِ جنگ میں فرض شناسی، شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین عسکری حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیپٹن محمد سرور شہید جیسے بہادر سپوت قوم کا فخر اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں۔ ان کی جرات، استقامت اور قربانی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید کا جذبۂ حب الوطنی، فرض شناسی اور میدانِ جنگ میں دی گئی لازوال قربانی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پوری قوم کو کیپٹن محمد سرور شہید سمیت پاکستان کے تمام بہادر شہداء پر فخر ہے، جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔



