کریم برُولے(Crème Brûlée)

یہ فرانس کا مشہور کلاسک ڈیزرٹ ہے، جس کے نام کا مطلب ہی “جلی ہوئی کریم” ہے۔ اس کی خاص بات اس کی دو بالکل مختلف تہیں ہیں: نیچے انتہائی نرم، ریشمی اور ونیلا خوشبو والی کسٹرڈ کریم، جبکہ اوپر چینی کی ایک باریک تہہ جسے گرم کرکے سنہری اور کرنچی کیرامل بنا دیا جاتا ہے۔ چمچ سے اوپر کی تہہ توڑیں تو نیچے سے ٹھنڈی، ملائم کریم نکلتی ہے۔اسی تضاد نے اسے دنیا بھر کے مقبول ڈیزرٹس میں شامل کیا ہے۔
کریم برُولے بنانے کی ترکیب کچھ یوں ہے؛
اجزاء:
فریش کریم — 2 کپ
انڈے کی زردیاں — 5 عدد
چینی — ½ کپ
ونیلا ایسنس — 1 چائے کا چمچ
نمک — ایک چٹکی
اوپر کی تہہ کے لیے باریک چینی — 3 سے 4 کھانے کے چمچ
ترکیب:
ایک پین میں فریش کریم کو ہلکی آنچ پر گرم کریں، لیکن اسے اُبالنا نہیں ہے۔ دوسری طرف انڈے کی زردیوں اور ½ کپ چینی کو اچھی طرح پھینٹیں، یہاں تک کہ آمیزہ ہلکا اور کریمی ہوجائے۔
اب گرم کریم کو تھوڑا تھوڑا کرکے انڈوں کے آمیزے میں شامل کریں اور مسلسل پھینٹتے رہیں تاکہ انڈے پھٹنے نہ پائیں۔ ونیلا ایسنس اور چٹکی بھر نمک شامل کرکے آمیزہ چھان لیں۔
اسے چھوٹی اوون پروف ڈشز یا رمیکنز میں ڈالیں۔ رمیکنز کو ایک گہری بیکنگ ٹرے میں رکھیں اور ٹرے میں اتنا گرم پانی ڈالیں کہ رمیکنز آدھے حصے تک پانی میں آجائیں۔
160°C پر تقریباً 30–35 منٹ بیک کریں۔ کنارے سیٹ ہوجائیں لیکن درمیان ہلکا سا جِگلے کرے تو اوون سے نکال لیں۔ ٹھنڈا کرکے کم از کم 3 سے 4 گھنٹے فریج میں رکھیں۔
سرو کرنے سے پہلے ہر کسٹرڈ کے اوپر باریک چینی کی پتلی تہہ چھڑکیں۔ کچن ٹارچ سے چینی کو پگھلا کر سنہری اور کرنچی کرلیں۔ اگر ٹارچ نہ ہو تو اوون کے گرِل فنکشن کے نیچے چند لمحوں کے لیے رکھ کر بھی کیراملائز کیا جاسکتا ہے، مگر بہت احتیاط کریں۔
نتیجہ: اوپر سے کرنچی کیرامل کی تہہ اور اندر سے ٹھنڈی، نرم، ریشمی ونیلا کریم،یہی اصل کریم برُولے کا مزہ ہے۔



