برکس اجلاس، امریکی غنڈہ گردی تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکنے کا وقت آ گیا، عراقچی

نئی دہلی(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے برکس ممالک کے اجلاس میں کہا ہے کہ امریکی غنڈہ گردی کوڑے دان میں پھینکنے کا وقت آ گیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی برکس وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے جہاں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر استقبال کیا۔

توانائی کے بحران کے درمیان دہلی میں برکس وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس کا آغاز ہو گیا جس میں عباس عراقچی نے برکس ممالک سے مطالبہ کیا کہ ایران کے خلاف غیر قانونی جارحیت کا نوٹس لیا جائے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ برکس ممالک ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی کھل کر مذمت کریں، امریکا اور اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایران سفارت کاری کے لیے تیار ہے مگر اپنی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا اور کسی کے سامنے کسی صورت سر نہیں جھکائے گا۔

عباس عراقچی نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے امریکی غنڈہ گردی کو تاریخ کے کوڑے دان میں ڈالا جائے، ایران سے متعلق کسی بھی مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں، ایرانی قوم دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکتی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ایران مخالف جنگ پر مغربی ممالک کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن حملہ ہوا تو بھرپور اور تباہ کن جواب دیں گے، مغرب کی خاموشی اسرائیل اور امریکہ کو استثنیٰ کا احساس دلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برکس ممالک ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی غیر قانونی جارحیت کی واضح مذمت کریں، عالمی اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا، خطے میں عدم استحکام کسی کے مفاد میں نہیں، تمام فریقوں کو نقصان ہوگا۔

 قبل ازیں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا، ایران کے عظیم عوام سے دشمنی ایک احمقانہ جوا ہے، ایرانی عوام سے دشمنی کیلئے اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ ناقابلِ معافی ہے۔

دوسری طرف متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے کیے گئے دعویٰ کی تردید کر دی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے خلاف جنگ کے دوران خفیہ طور پر امارات کا دورہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button