اکوڑہ خٹک میں بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام، سابق افغان مہاجر کیمپ سے 7 کلو وزنی خودکش جیکٹ برآمد


نوشہرہ(جانوڈاٹ پی کے)اکوڑہ خٹک کے علاقے میں واقع سابق افغان مہاجر کیمپ "شنہ ونہ” سے 7 کلوگرام وزنی خودکش جیکٹ برآمد کر لی گئی، جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی ایس پی اکوڑہ خٹک عدنان اعظم کے مطابق پولیس کو شنہ ونہ کے مقام پر ایک مشکوک بوری کی اطلاع ملی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بوری کو تحویل میں لے لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بم ڈسپوزل یونٹ کو موقع پر طلب کیا گیا، جس نے مشکوک بوری کی تلاشی کے دوران تقریباً 7 کلوگرام وزنی خودکش جیکٹ برآمد کی۔
ڈی ایس پی کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ نے خودکش جیکٹ کو محفوظ طریقے سے اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور ذمہ داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔