سینڈ پیپر اسکینڈل پھر خبروں میں، سپر اسپورٹ نے آسٹریلیا کو ’شارپ‘رہنے کاپیغام دے دیا

جوہانسبرگ(جانو ڈاٹ پی کے) آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے قبل سپر اسپورٹ نے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی یاد تازہ کردی۔
براڈکاسٹر نے سوشل میڈیا پر ایک مختصر پرومو جاری کیا جس میں اپنے کیمروں کو تین میچز کی سیریز کے دوران ’شارپ‘ رہنے کا پیغام دیا گیا۔ کرکٹ شائقین نے اس پیغام کو 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں سامنے آنے والے سینڈ پیپر اسکینڈل سے جوڑ دیا۔
24 مارچ 2018 کو نیولینڈز میں سپر اسپورٹ کے کیمروں نے آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو گیند کے ساتھ زرد رنگ کی چیز استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ کیا تھا۔ بعد میں سامنے آنے والی فوٹیج نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کو جنم دیا، جس پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید اور سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس واقعے کے بعد اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر سمیت کئی کھلاڑیوں کو پابندیوں اور دیگر کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ آسٹریلیا کی موجودہ ٹیم میں پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن بھی شامل ہیں جو 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کا حصہ تھے، جبکہ اسٹیو اسمتھ اب پیٹ کمنز کے نائب کپتان ہیں۔
تین ٹیسٹ میچز کی موجودہ سیریز کا آغاز 9 اکتوبر کو ڈربن میں ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 18 اکتوبر سے گیقبرحا میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 27 اکتوبر سے ایک بار پھر نیولینڈز میں ہوگا۔
نیولینڈز میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ پر خصوصی توجہ مرکوز رہے گی کیونکہ 2018 کے سینڈ پیپر اسکینڈل کے بعد آسٹریلیا پہلی مرتبہ اس تاریخی میدان میں ٹیسٹ میچ کھیلے گا، جبکہ سپر اسپورٹ کے کیمرے بھی ایک بار پھر وہاں موجود ہوں گے۔



