تعلیمی بورڈزمیں میٹرک پوزیشن ہولڈرزکااعلان،طالبات نے میدان مارلیا

لاہور/فیصل آباد/سوات/ساہیوال/راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی بورڈز نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا، جہاں لاہور، فیصل آباد، سوات، ساہیوال اور راولپنڈی بورڈز کے نمایاں طلبہ و طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشنیں اپنے نام کر لیں۔

لاہور بورڈ

لاہور بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن پتوکی کی طالبہ آمنہ محبوب نے 1192 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی۔ دوسری پوزیشن راجن پور کے محمد قاسم نے 1191 نمبروں کے ساتھ حاصل کی، جبکہ لاہور کی طالبہ ازویٰ جاوید نے 1190 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سائنس گروپ (طلبہ) میں پہلی پوزیشن محمد قاسم نے 1191 نمبروں کے ساتھ حاصل کی، جبکہ دوسری پوزیشن لاہور کے اونکار سنگھ اور تیسری پوزیشن لاہور کے محمد ایان نے 1188 نمبر حاصل کرکے اپنے نام کی۔

فیصل آباد بورڈ

فیصل آباد بورڈ میں عمنہ صلاح الدین نے 1191 نمبر حاصل کرکے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ رامین فاطمہ 1190 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ رؤف عبدالاحد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بورڈ حکام کے مطابق تمام امیدواروں کے تفصیلی نتائج آج صبح 10 بجے آن لائن جاری کیے جائیں گے۔

سوات بورڈ

سوات تعلیمی بورڈ نے بھی میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ طالبہ سہانہ احمد نے 1161 نمبروں کے ساتھ پہلی، روشنی نے 1158 نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ کبل کی طالبہ زلندہ سردار نے 1156 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آرٹس گروپ میں شانگلہ کی نجی طالبات نے پہلی تینوں پوزیشنیں اپنے نام کیں۔ سوات، بونیر اور شانگلہ سے مجموعی طور پر 46 ہزار 484 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے۔ سائنس گروپ میں کامیابی کا تناسب تقریباً 80 فیصد جبکہ آرٹس گروپ میں 52 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

ساہیوال بورڈ

ساہیوال بورڈ کے مطابق 84 ہزار 159 طلبہ و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا، جن میں سے 54 ہزار 788 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 65.10 فیصد رہا۔

مجموعی طور پر عبداللہ ناصر اور منصف بشیر نے 1191 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ رابیتا رمضان نے 1190 نمبر لے کر دوسری جبکہ محمد منیب اور آمنہ عامر نے 1188 نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

راولپنڈی بورڈ

راولپنڈی بورڈ نے بھی میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا۔ محمد منان احتشام نے 1191 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ ان کا تعلق گوجرخان کے نجی اسکول دولتالہ سے ہے۔

دوسری پوزیشن زونیرہ طاہر نے 1180 نمبروں کے ساتھ حاصل کی، جن کا تعلق پریزنٹیشن کانونٹ ہائی اسکول فار گرلز مری سے ہے، جبکہ محمد فصیح عبداللہ نے 1178 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کا تعلق تلہ گنگ کے ایک نجی تعلیمی ادارے سے ہے۔

بورڈ حکام کے مطابق تمام پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریبات آج منعقد کی جائیں گی، جبکہ دیگر امیدوار اپنے نتائج متعلقہ بورڈز کی سرکاری ویب سائٹس پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

ملک بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو والدین، اساتذہ اور مختلف سماجی و تعلیمی حلقوں کی جانب سے مبارکباد دی جا رہی ہے، جبکہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ کامیاب طلبہ مستقبل میں بھی اپنی تعلیمی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button