اسرائیل کے جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملے، مزید 13 افراد شہید ہوگئے

بیروت(ویب ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملے جاری ہیں جس میں مزید 13 افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیل نے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد پہلی بار لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملہ کیا ہے، یہ فضائی حملہ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے داحیہ پر کیا گیا، جہاں حزب اللہ کا مرکز واقع ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں تصاویر میں بڑے پیمانے پر آگ اور کم از کم ایک عمارت کو شدید نقصان دکھایا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے خود اس حملے کی منظوری دی تھی، جس کا ہدف حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کا ایک کمانڈر تھا۔

اس کے علاوہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے شہر سکسکیہ پر بمباری کی جس میں 5 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے۔

ادھر اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی امور کے رابطہ دفتر کے مطابق لبنان میں انسانی صورتحال جنگ بندی کے باوجود انتہائی غیر مستحکم ہے اور شہری مسلسل جنگ سے متاثر ہو رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 مارچ سے اب تک لبنان میں 2,700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ فضائی حملوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد روزانہ بڑھ رہی ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے بدھ کے روز لبنان کے اندر داخل ہونے والی اسرائیلی افواج پر 17 حملے کیے۔

حزب اللہ کے بیان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں اور فوجی گاڑیوں کو قنطرہ، البیاضہ، طیّبہ، نقرہ، رشاف اور عیتا الشعب میں ڈرون اور راکٹ حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button