باربی کیو چکن فرائز

فرائز ہر عمر کے لوگوں کی پہلی پسند ہیں اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ کھائے جاتے ہیں۔ اگرچہ صرف تلے ہوئے آلو کھانا صحت کے لحاظ سے اتنا اچھا نہیں سمجھا جاتا، لیکن اگر ان کے ساتھ باربی کیو چکن شامل کر دیا جائے،جو دنیا میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی دوسری بڑی خوراک ہےتو بات ہی کچھ اور ہو جاتی ہے۔ جب دنیا کے دو سب سے مشہور کھابے ایک ہی ڈش میں مل جائیں، تو منہ میں پانی آنے سے بھلا کون روک سکتا ہے!
اجزاء
آلو: 3 عدد (باریک لمبائی میں کٹے ہوئے)
کارن فلور: 2 کھانے کے چمچ
چکن (بون لیس): 250 گرام (چھوٹی بوٹیاں یا ریشہ کیا ہوا)
بی بی کیو ساس: 4 سے 5 کھانے کے چمچ
ادرک لہسن پیسٹ: 1 چائے کا چمچ
کالی مرچ اور سرخ مرچ: 1/2، 1/2 چائے کا چمچ
سویا ساس: 1 کھانے کا چمچ
چیز (چیڈر یا موزاریلا): 1 کپ (کدوکش)
مایونیز: 3 سے 4 کھانے کے چمچ
نمک اور تیل: حسبِ ضرورت
ترکیب
کٹے ہوئے آلوؤں کو خشک کر کے ان پر کارن فلور اور تھوڑا سا نمک لگائیں، پھر گرم تیل میں گولڈن اور کرسپی ہونے تک فرائی کر لیں۔
ایک پین میں 2 چمچ تیل گرم کر کے ادرک لہسن بھونیں۔ پھر چکن، سرخ مرچ، کالی مرچ، نمک اور سویا ساس ڈال کر پکائیں۔ جب چکن گل جائے تو اس میں بی بی کیو ساس ملائیں اور 2 منٹ مزید پکا کر چولہے سے اتار لیں۔
ایک ڈش میں پہلے گرم فرائز پھیلائیں، ان پر تیار شدہ باربی کیو چکن ڈالیں، اوپر مایونیز ڈالیں اور وافر مقدار میں کدوکش کی ہوئی چیز چھڑک دیں۔
ڈش کو اوون میں یا پھر پتیلے میں رکھ کر ڈھانپ دیں اور ہلکی آنچ پر 5 سے 7 منٹ کے لیے رکھیں تاکہ چیز اچھی طرح پگھل جائے۔
گرما گرم اور ذائقے دار باربی کیو چکن فرائز تیار ہیں!اپنی پسند کی کسی بھی سوس یا ڈپ کے ساتھ نوش کریں۔



