بارشی پانی،ندی،نالوں،دریاؤں میں نہانے پر پابندی،پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) مون سون بارشوں، طغیانی اور بدلتی ہوئی موسمی صورتحال کے پیش نظر سیکرٹری داخلہ پنجاب نے عوام کے تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں اور دیگر عوامی مقامات پر جمع بارش کے پانی میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں ہر قسم کی تیراکی پر بھی پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں بلا اجازت کشتی رانی پر بھی دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مذکورہ پابندیوں کا اطلاق 60 روز تک رہے گا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں، گلیوں، سڑکوں اور کھلی جگہوں پر پانی جمع ہونے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ صوبہ بھر کے ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور جھیلوں میں پانی کی سطح بھی بلند ہو چکی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ شدید بارشوں کے دوران جمع شدہ پانی میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ پابندیوں کا فیصلہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے عوامی آگاہی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو دفعہ 144 کے نفاذ کی بھرپور تشہیر کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید خبریں

Back to top button