بدین میں محرم الحرام سیکیورٹی پلان نافذ، 2675 پولیس اہلکار تعینات، مجالس و جلوسوں کیلئے فول پروف انتظامات

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)ماہِ محرم الحرام: ضلع بدین میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات، 2675 پولیس افسران و اہلکار تعینات تفصیل کے مطابق ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایات پر ضلع بھر میں ماہِ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزادارانِ امام حسینؑ کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں منعقد ہونے والی 485 مجالس اور 120 جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 2675 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کے تحت ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں پر چوبیس گھنٹے نگرانی جاری ہے پولیس لائن بدین میں 20 اہلکاروں پر مشتمل دو خصوصی ریزرو دستے قائم کیے گئے ہیں جبکہ حساس علاقے کڈھن میں 22 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں اور مجالس کے راستوں، اہم عمارتوں اور حساس مقامات کی نگرانی کے لیے 46 اہلکاروں پر مشتمل روف ٹاپ ڈپلائمنٹ بھی کی گئی ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا سکے

محرم الحرام کے دوران ضلع میں نکالے جانے والے ایک انتہائی حساس جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 20 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 15 حساس جلوسوں کی حفاظت کے لیے 224 اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ اسی طرح 104 عمومی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 1236 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں علاوہ ازیں ضلع بھر میں منعقد ہونے والی 485 مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 970 پولیس اہلکار مقرر کیے گئے ہیں تاکہ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے

ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں، جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر مؤثر چیکنگ، اسنیپ چیکنگ، سرچنگ، گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں امن و امان کے قیام اور عزاداران کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ایس ایس پی بدین نے عوام بالخصوص عزادارانِ امام حسینؑ سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ماہِ محرم الحرام کے تمام اجتماعات پرامن، محفوظ اور خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہو سکیں

مزید خبریں

Back to top button