بدین: 5 کلو سے زائد چرس برآمدگی کیس، منشیات فروش کو 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن / جانو ڈاٹ پی کے) ضلع و سیشن عدالت بدین نے منشیات برآمدگی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم شعیب لوہار کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قیدِ بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع و سیشن جج عبدالقدوس میمن کی عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد ملزم کو چرس رکھنے اور انسدادِ منشیات ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو قانون کے مطابق مزید سزا بھی بھگتنا ہوگی۔
بدین پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ کڈھن کی حدود میں سب انسپکٹر وسیم بوہڑ نے کارروائی کے دوران ملزم شعیب لوہار کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے 5 کلو 80 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ برآمدگی کے بعد ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے وقت ملزم پہلے ہی عدالتی ریمانڈ پر ضلع جیل قاضی احمد میں قید تھا، جہاں سزا پر عملدرآمد کے لیے اسے منتقل کر دیا گیا۔
بدین پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ضلع پولیس معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔



