عیدالاضحیٰ پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کھلے عام کچرا پھینکنے اور تعفن پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کو صاف ستھرا اور بیماریوں سے پاک بنانا حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کو عرقِ گلاب سے دھونے کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ماحول خوشگوار بنایا جا سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ صوبے میں صفائی کا نظام مؤثر بنایا جا سکے۔
سرکاری تخمینوں کے مطابق اس سال عیدالاضحیٰ پر پنجاب بھر میں 35 سے 37 لاکھ جانور قربان کیے جانے کی توقع ہے، جس کے لیے صفائی اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔



