کالعدم ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد میں شرپسند اور فتنہ الخوارج کے لوگ شامل ہیں:سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)سیکرٹری اطلاعات آزاد کشمیر راشد حنیف نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد میں  شرپسند اور فتنہ الخوارج کے لوگ شامل ہیں۔

آزاد کشمیر حکومت کے سیکرٹری اطلاعات  نے ترجمان آزاد جموں کشمیر پولیس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ریاست کی بنیادی ذمہ داری امن امان قائم رکھنا ہے اور قائم رکھیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد میں دہشتگرد اور فتنہ الخوارج موجود ہے، اس کمیٹی میں عوام کم ہیں، مسلح عناصر اور دہشتگرد موجود ہیں، اس تحریک میں دہشتگردوں کے شامل ہونے کے اداروں کے پاس ثبوت موجود ہیں

سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے احتجاج میں شرپسند اور فتنہ الخوارج کے لوگ شامل ہیں،کالعدم ایکشن کمیٹی میں موجود شرپسند انسانی آبادی کو ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عوام انتظامیہ اور اداروں کے ساتھ جڑے رہیں تاکہ وہ گمراہ کن معلومات سے بچ سکیں۔

اس موقع پر ترجمان آزادکشمیر پولیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان عناصر کے پاس جدید اور خودکار  اسلحہ موجود ہے، ان عناصر کی فائرنگ سے 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button