جوفرا آرچر کی لارڈز میں تیز گیندیں کھیلنا زندگی کا بڑا تجربہ ہے، اذان اویس

لندن(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر اذان اویس نے لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں جہاں پاکستان ٹیم کے تمام بلے باز پہلی اننگز میں ناکام رہے، اور پوری ٹیم 37 اعشاریہ 2 اوورز کی بیٹنگ میں 9 وکٹ پر 110 رنز تک محدود رہی۔
وہاں 21 سال کے بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز نے 3 گھنٹے سے زائد وقت میدان میں گزارا اور 102 گیندوں پر 7 چوکوں کے ساتھ 46 رنز بناکر قابل ذکر اسکورر رہے۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے اذان اویس نے اس سال مئی میں بنگلہ دیش کے خلاف میرپور میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور پہلی ہی اننگز میں 165 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیل کر توجہ حاصل کی تھی۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کھانے کے وقفے سے پہلے 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر گس ایٹکنسن کی گیند پر دوسری سلپ میں ہیری بروک نے اذان اویس کا کیچ گرا دیا تھا۔
اس وقت اذان اویس کا ایک چوکے کے ساتھ 42 گیندیں کھیل کر اسکور 8 رنز تھا، البتہ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اس ڈراپ کیچ کے بعد انگلینڈ کے بولرز کا بڑی عمدگی سے سامنا کیا۔
بالخصوص جوفرا آرچر اور جوش ٹونگے کے سامنے انہوں نے عمدہ انداز میں دفاعی بلے بازی کی، کئی مرتبہ اذان اویس دونوں بولرز کی تیز اور خطرناک گیندوں پر مشکلات کا شکار بھی دکھائی دیے۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر اذان اویس نے کہا کہ لارڈز کی پچ پر جوفرا آرچر کی 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرنے والی گیندوں پر بیٹنگ ہرگز آسان نا تھی۔
انہوں نے زندگی میں پہلی مرتبہ اتنی تیز بولنگ کا سامنا کیا، جو یقیناً ان کے کیرئیر میں ہمیشہ یاد رہنے والا لمحہ رہے گا، اذان اویس نے 46 رنز کی اننگز میں 7 چوکے لگائے۔
بائیں ہاتھ کے بیٹر کا کہنا تھا کہ یہ اننگز کیریئر میں ان کے آگے بڑھنے اور سیکھنے کے عمل کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہو گی۔



