عائشہ حمیرا چوہدری کی بطور ممبر فیڈرل پبلک سروس کمیشن تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 22 کی سینئر بیوروکریٹ عائشہ حمیرا چوہدری کی بطور ممبر فیڈرل پبلک سروس کمیشن تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عائشہ حمیرا چوہدری کو تین سال کی مدت کے لیے ممبر ایف پی ایس سی مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ان کی تقرری یکم جولائی 2026 سے مؤثر ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عائشہ حمیرا چوہدری سیکریٹریٹ گروپ کی گریڈ 22 افسر ہیں اور انہیں رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے بعد فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
دوسری جانب گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر اعزاز اسلم ڈار کی بطور ممبر ایف پی ایس سی تقرری منسوخ کر دی گئی ہے۔ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تقرری کا حکم ابتدا ہی سے کالعدم قرار دیتے ہوئے واپس لے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن ملک میں اعلیٰ سرکاری ملازمتوں کے لیے بھرتیوں اور مسابقتی امتحانات کے انعقاد کا اہم آئینی ادارہ ہے، جہاں ممبران کی تقرریاں انتظامی اور پالیسی امور میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔