سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) اور پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) ہیڈکوارٹرز کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نجی ٹی وی کو ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر دونوں محکموں کے ہیڈکوارٹرز کی فوری منتقلی کے لیے عارضی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں نئی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ انتظامی اقدامات کے تحت پی اے اے اور سی اے اے کے افسران پر مشتمل 7 رکنی جوائنٹ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ائیرپورٹس اتھارٹی صادق الرحمان کو جوائنٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
مذکورہ کمیٹی اسلام آباد ائیرپورٹ پر عارضی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کے لیے مخصوص جگہ کا تعین کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو نومبر اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کو دسمبر 2026 تک اسلام آباد میں عارضی ہیڈکوارٹرز تعمیر کر کے منتقلی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کراچی میں قائم ہیں، تاہم منتقلی کے بعد بھی دونوں محکموں کے ریجنل دفاتر ملک بھر میں بدستور قائم رہیں گے۔



