آسٹریلیا میں غیر ملکی طلبہ کے لیے امیگریشن قوانین مزید سخت، خاندان ساتھ لانے پر بڑی پابندی کی تیاری

میلبورن(جانوڈاٹ پی کے)آسٹریلوی حکومت نے غیر ملکی طلبہ کے لیے امیگریشن قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلبہ کے لیے شریکِ حیات اور بچوں کو اپنے ساتھ لانے کی سہولت ختم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا نے غیر ملکی طلبہ کے ویزا نظام کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ویزا کی مدت سے متعلق قوانین میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
امیگریشن قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے 100 اضافی اہلکار بھرتی کیے جائیں گے، جبکہ حکومت امیگریشن حراست کے لیے موجود سہولیات میں اضافے کے مختلف آپشنز کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی حکومت ایک قرنطینہ مرکز کو امیگریشن حراستی مرکز کے طور پر استعمال کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
مجوزہ اقدامات کے بعد آسٹریلیا میں تعلیم کے لیے جانے والے غیر ملکی طلبہ کے لیے ویزا اور خاندانی انحصار سے متعلق قواعد مزید سخت ہونے کا امکان ہے۔



