فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی و سٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبے میں بھی قریبی تعاون جاری ہے۔
حالیہ عرصے میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطوں میں بھی تیزی آئی ہے، جس کے تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔



