ایشین گیمز مینز کرکٹ کے چاروں کوارٹر فائنلز بارش کی نذر، سیمی فائنل لائن اپ مکمل

نشین(ویب ڈیسک) ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے چاروں کوارٹر فائنل میچز بارش کے باعث منسوخ ہوگئے، جس کے بعد بہتر رینکنگ رکھنے والی ٹیموں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

آج شیڈول تیسرے کوارٹر فائنل میں نیپال اور سری لنکا جبکہ چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلادیش اور ملیشیا کی ٹیموں کو مدمقابل آنا تھا، تاہم مسلسل بارش کے باعث دونوں میچز شروع ہی نہ ہوسکے۔

میچز منسوخ ہونے کے بعد سری لنکا اور بنگلادیش نے بہتر رینکنگ کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان اور ہانگ کانگ جبکہ بھارت اور افغانستان کے درمیان کوارٹر فائنلز بھی بارش کی نذر ہوگئے تھے، جس کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت نے بہتر رینکنگ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔

یوں ایشین گیمز مینز کرکٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔

دونوں سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو نشین میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور بنگلادیش پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں صبح 10 بجے مدمقابل ہوں گی۔

مزید خبریں

Back to top button