عاشورہ محرم: ننکانہ صاحب میں ڈبل سواری پر پابندی، جلوسوں کی سی سی ٹی وی نگرانی جاری


ننکانہ صاحب (نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے: رضوان سلطان) عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر ضلع ننکانہ صاحب میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد نے کہا کہ ضلع بھر میں جلوسوں کے راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تسلیم اختر نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت کے لیے ضلع بھر میں ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلیں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے کسی کو شرانگیزی یا انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں عبادت سمجھ کر انجام دے رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس پُرامن انداز میں مکمل ہوں۔