کربلا کا واقعہ صبر، استقامت، ایثار، قربانی، حریت اور انسانی وقار کی ایک لازوال داستان ہے، سید ریاض حسین شاہ شیرازی

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے)اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ اور عشر کے صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں حضرت امام حسین علیہ السلام، اہلِ بیت اور شہدائے کربلا کو عقیدت کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ اسلام کی سربلندی، حق و سچائی کی فتح اور عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمارے رسول ﷺ کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام نے دینِ اسلام کی بقا، عدل و انصاف کے قیام اور انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنی جان، اپنے اہلِ خانہ اور جانثار ساتھیوں کی قربانیاں پیش کیں۔ میدانِ کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کی جابرانہ حکومت اور باطل قوتوں کے سامنے حق، سچ اور انصاف کا پرچم بلند رکھا اور رہتی دنیا تک ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک روشن مثال قائم کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کربلا کا واقعہ صبر، استقامت، ایثار، قربانی، حریت اور انسانی وقار کی ایک لازوال داستان ہے، جو ہر دور کے انسان کو حق کا ساتھ دینے اور ظلم کے خلاف مقابلہ کرنے کا درس دیتی ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت آزادی، حق پسندی اور انصاف کی تلاش میں رہنے والے لوگوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔

سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیاں اسلام کی حقیقی روح، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور انسانی عظمت کی روشن علامت ہیں۔ یومِ عاشورہ ہمیں صبر، برداشت، بھائی چارے، رواداری، قربانی اور انسانیت کی خدمت کا سبق دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام کسی ایک قوم یا ملت تک محدود نہیں ہے، بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہدایت، عدل اور حق پسندی کا سرچشمہ ہے۔ اگر ہم شہدائے کربلا کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کا حصہ بنا لیں تو ایک پرامن، متحد، مستحکم اور فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں اور زائرین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی، طبی امداد، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے ہیں، تاکہ عقیدت مند اپنے مذہبی فرائض پرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان کو امن، استحکام، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کی نعمتوں سے مالا مال کرے۔

مزید خبریں

Back to top button