ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت یومِ عاشورہ کے حوالے سے اجلاس

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت یومِ عاشورہ کے انتظامات اور امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں آئمہ مساجد کا اجلاس، اجلاس میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی میدانِ کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے آئمہ مساجد سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے خطبات میں بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور باہمی بھائی چارے کو فروغ دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں مذہبی منافرت، فرقہ واریت اور اشتعال انگیزی کے خلاف سب کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں پر آنے والی مساجد میں جمعہ کی نماز کی ادائیگی عاشورہ کے جلوسوں کی ٹائمنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔ اس موقع پر تمام مکاتبِ فکر کے آئمہ و علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ کی امن مہم سے اتفاق کیا۔ علمائے کرام نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ منبر و محراب سے امن، محبت اور اتحاد کا درس دیں گے اور یومِ عاشورہ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن اور تعاون کو یقینی بنائیں گے

مزید خبریں

Back to top button