یو ایس اوپن:ٹینس اسٹار سبالینکاکو دوران میچ چرس کی بو نے پریشان کردیا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)بیلاروس کی ٹینس اسٹار سبالینکاکودوران میچ چرس کی بو نے پریشان کردیا۔
یو ایس اوپن 2026 کے تیسرے راؤنڈ کے میچ کے دوران کینابس کی تیزبوسے پریشان ہوکر ارینا سبالینکا نے یو ایس اوپن کا میچ روک دیا اورامپائر کو شکایت کی کہ’کوئی کینابس پی رہا ہے اوربو بہت تیز ہے ‘ ۔
میچ ریفری نے آفیشل کو ہاتھ کے اشارے کے ساتھ کہاکہ کوئی سبالینکا کے پیچھے سگریٹ پی رہا ہے ، سبالینکا کی شکایت پر میچ کچھ دیر رکا رہا اور امپائر کے آفیشل کو بتانے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا جس دوران سبالینکا نے کامیابی کے ساتھ چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےارینا سبالینکا نے کہا کہ ’مجھے نہیں پتا بو کہاں سے آرہی تھی لیکن فینز کو خیال رکھنا چاہیے، جب آپ بہترین کھیل کی کوشش کر رہے ہوں تو ایسی بو برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے، مجھے نہیں پتا یہ بو کراؤڈ سے تھی یا باہر سے آرہی تھی کیوں کہ ہوا اس وقت چل رہی تھی‘۔
واضح رہےکہ فلشنگ میڈوز کے کورٹس میں سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں، بعض اوقات کینابس کی بو ہوا کے جھونکے کے ساتھ کورٹس میں آتی ہے ۔
ماضی میں نواک جوکووچ اور الیگزینڈر زویرف بھی اس طرح کی شکایت کر چکے ہیں۔



