عباس عراقچی کا ہنگامی دورہ اسلام آباد،ایران امریکاڈیل کو حتمی شکل دینے کی تیاریاں!

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ:جانو ڈاٹ پی کے)مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے درمیان ایک بڑی سفارتی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ عباس عراقچی کا یہ دورہ انتہائی ہائی پروفائل قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دینا ہے۔ باخبر حلقوں کا ماننا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ کی آمد کے بعد اب اس معاہدے پر دستخط کسی یورپی ملک کے بجائے اسلام آباد میں ہی متوقع ہیں، جس کے لیے دارالحکومت میں تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد نہ صرف نیوکلیئر ایشوز پر مذاکرات کے فریم ورک پر مشاورت کرے گا بلکہ خارگ جزیرے کی سیکیورٹی اور آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے بھی لائحہ عمل طے کرے گا۔ اس معاہدے کے تحت ایران ساٹھ روز کی جنگ بندی اور یورینیم کی افزودگی میں کمی لانے پر آمادہ دکھائی دیتا ہے، تاہم عباس عراقچی کے لیے سب سے بڑا چیلنج اسرائیل کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی شرائط اور خطے میں امریکی اثر و رسوخ کو متوازن رکھنا ہے۔ اس اہم سفارتی مشن اور بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پسِ پردہ حقائق جاننے کے لیے معظم فخر کا وی لاگ مکمل ملاحظہ کریں۔




