اقوامِ متحدہ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ایران امریکا جنگ عالمی معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار


نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی عالمی امن، معیشت اور تجارتی نظام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہے، جس کے تباہ کن نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران سے متعلق تنازع نے عالمی توانائی منڈیوں کو متاثر کیا ہے، جبکہ کھاد کی قیمتوں میں اضافے کے باعث زرعی شعبہ بھی دباؤ کا شکار ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث عالمی سپلائی چین پر بھی شدید دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے اثرات مختلف ممالک کی معیشتوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مرتب ہو سکتے ہیں۔
انتونیو گوتریس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر کشیدگی میں کمی، سفارتی کوششوں کے فروغ اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ ایک بڑے انسانی اور معاشی بحران سے بچا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں مذاکرات اور سفارت کاری ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے خطے کو مزید تباہ کن تصادم سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔