کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند آج پاکستان پہنچیں گی، اسحاق ڈار سے اہم مذاکرات ہوں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گی، جہاں وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انیتا آنند، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔ وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے، جن میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، عوامی روابط اور دیگر باہمی تعاون کے شعبوں کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دونوں رہنما علاقائی اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ کینیڈین وزیر خارجہ اپنے قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار دوطرفہ تعلقات قائم ہیں، اور یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔



