کورین گلاس سکن کا سچ،گھریلو ٹوٹکے بمقابلہ جدیدڈرماٹولوجی،چند اہم حقائق

ڈاکٹر آمنہ راج
آج کا دور سوشل میڈیا کا دور ہے جہاں ہر شخص، بالخصوص خواتین، اپنی ظاهری شخصیت اور خوبصورتی کو لے کر بے حد حساس نظر آتی ہیں۔ بدلتے وقت کے ساتھ جہاں رہن سہن بدلا ہے، وہی سکن کیئر یعنی جلد کی حفاظت کے طریقے بھی یکسر تبدیل ہو چکے ہیں۔ ایک وہ وقت تھا جب گھر کی نانی دادی کے بتائے ہوئے ابٹن، ہلدی اور ملتانی مٹی جیسے گھریلو ٹوٹکوں پر ہی پورا انحصار کیا جاتا تھا، مگر آج جدید سائنس اور ڈرماٹولوجی نے ان روایتی طریقوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب لوگ محض واہموں یا پرانی باتوں پر یقین کرنے کے بجائے سائنسی حقائق اور ماہرین کی آراء کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ خوبصورتی کا حصول اب صرف گورا ہونا نہیں بلکہ ایک صحت مند طرزِ زندگی اور اندرونی تندرستی کا عکاس بن چکا ہے۔
موجودہ دور میں ہماری نوجوان نسل، خاص طور پر ٹین ایجر بچیوں میں جلد کے مسائل، ایکنی اور ہارمونز کی شدید بے قاعدگی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اس تشویشناک صورتحال کی سب سے بڑی وجہ ہمارا بدلا ہوا غذائی نظام ہے، جہاں برگر، پیزا اور پروسیسڈ فوڈز کا استعمال فیشن بن چکا ہے۔ سائنسی اعتبار سے ہمارا معدہ دراصل انسان کا دوسرا دماغ ہے جو ہمارے پورے جسمانی اور ذہنی نظام کو کنٹرول کرتا ہے۔ جب بچیاں چینی اور کیمیکلز سے بھرپور ان غذاؤں کا بکثرت استعمال کرتی ہیں تو دماغ کو عارضی طور پر ایک خاص لذت کا احساس تو ملتا ہے، لیکن یہ عادت خاموشی سے جسم کے اندر انسولین ریزسٹنس پیدا کر دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کل بچیوں میں پولی سسٹک اوویرین سنڈروم (PCOS) جیسے پیچیدہ غدودی مسائل تیزی سے جنم لے رہے ہیں، جس کی اصل جڑ موٹاپا اور سست طرزِ زندگی ہے۔ ماؤں کو چاہیے کہ وہ روایتی غفلت چھوڑ کر اپنی بچیوں کو صاف ستھری اور متوازن غذا کی طرف لائیں اور انہیں جسمانی طور پر متحرک بنائیں۔
جلد کے مسائل صرف نوجوان نسل تک محدود نہیں بلکہ ہماری وہ گھریلو خواتین بھی اس کا شکار ہیں جو دن بھر کچن اور گھر کے کام کاج میں مصروف رہتی ہیں۔ برتن اور کپڑے دھونے والے تیز کیمیکلز اور صابن کے مسلسل استعمال سے ہاتھوں کا قدرتی سکن بیریئر بری طرح تباہ ہو جاتا ہے، جس سے جلد میں شدید خشکی اور دراڑیں پڑ جاتی ہیں۔ اس کا بہترین اور سادہ حل یہ ہے کہ کام کرتے وقت پہلے کاٹن کے دستانے پہنے جائیں اور پھر ان کے اوپر ربڑ کے دستانے چڑھا کر کام کیا جائے۔ اس کے علاوہ کچن میں کام کرنے والی خواتین کے لیے ایک اور اہم سائنسی حقیقت سامنے آئی ہے کہ چہرے پر پڑنے والی چھائیاں صرف سورج کی شعاعوں سے ہی نہیں بلکہ چولہے کی گرمی اور حدت سے بھی بنتی ہیں۔ اس لیے چولہے کے آگے جانے سے پہلے ایک اچھے سن بلاک، بالخصوص آئرن آکسائیڈ والے سن بلاک کا استعمال لازمی کرنا چاہیے تاکہ جلد اس تپش سے محفوظ رہ سکے۔ چہرے کے داغ دھبوں اور پگمنٹیشن کے خاتمے کے لیے الفا اربوٹین اور نیاسینامائڈ جیسے محفوظ سیرمز کو روزمرہ کا حصہ بنانا اب بے حد ضروری ہو چکا ہے۔
دوسری طرف، ہماری مارکیٹیں ایسے سستے اور غیر معیاری میک اپ پروڈکٹس سے بھری پڑی ہیں جو خواتین کی جلد کو فائدے کے بجائے مستقل نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان سستے برانڈز میں خطرناک مائیکرو پلاسٹکس اور کیمیکلز ہوتے ہیں جو جلد کو وقت سے پہلے بوڑھا کرنے اور سکن کینسر جیسے موذی مرض کا سبب بن سکتے ہیں۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ نان کامیڈوجینک اور ہائپو الرجنک خصوصیات والے معیاری برانڈز کا انتخاب کریں جو مساموں کو بند نہ ہونے دیں۔ اسی طرح ان دنوں معاشرے پر کورین گلاس سکن کا ایک عجیب خبط سوار ہے، حالانکہ کورین سکن کیئر کا مقصد گورا چٹا ہونا نہیں بلکہ جلد کو ہر قسم کے داغ دھبوں، ایکنی اور کھلے مساموں سے پاک کر کے ہموار بنانا ہے۔ خواتین کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ہر بین الاقوامی پروڈکٹ ہماری مقامی جلد کے لیے موزوں نہیں ہوتی، اس لیے اپنی سکن ٹائپ کے مطابق صرف ان چیزوں کا انتخاب کریں جو یہاں کے موسم کے موافق ہوں۔
اس شدید گرمی کے موسم میں معدے اور جلد کی بقا کے لیے روزانہ تین سے چار لیٹر پانی پینا ناگزیر ہے، لیکن یاد رہے کہ خالی پانی پینے کے بجائے جسم میں الیکٹرولائٹس اور نمکیات کا توازن بھی برقرار رکھیں کیونکہ پسینے کے ذریعے نمکیات کا بڑا نقصان ہوتا ہے۔ جہاں تک وزن کم کرنے کے لیے مارکیٹ میں آنے والے جدید انجیکشنز جیسے اوزیمپک اور مونجارو کا تعلق ہے، تو یہ جسم میں موجود قدرتی پیپٹائڈ کو متحرک کر کے مسلسل بھوک لگنے کے احساس کو ختم کرتے ہیں۔ یہ موٹاپے، شوگر اور دل کے امراض کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتے ہیں، مگر شرط یہ ہے کہ انہیں کسی مستند ڈاکٹر کے مشورے اور ضروری ٹیسٹوں کے بغیر ہرگز استعمال نہ کیا جائے۔ آخر میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ خواتین صرف مہنگی کریموں پر انحصار نہ کریں، بلکہ ہفتے میں پانچ دن کم از کم پچاس منٹ کی تیز واک اور ہفتے میں تین دن گھر پر ہی ہلکے ڈمبلز اٹھا کر اسٹرینتھ ٹریننگ کو اپنی زندگی کا مستقل معمول بنائیں۔ یہ سادہ سی عادت نہ صرف آپ کی جلد کو چمکدار رکھے گی بلکہ بڑھاپے میں آپ کی ہڈیاں اور عضلات کو بھی مضبوط اور جوان بنائے رکھے گی۔
اس معلومات کی تفصیل ڈاکٹر آمنہ راج کی زبانی سننے کے لیے ہمارے یو ٹیوب چینل فل سٹاپ کے اس ویڈیو لنک پر کلک کریں۔




