الخدمت فاؤنڈیشن کی بدین میں قربانی کے گوشت کی تقسیم، 2 ہزار سے زائد مستحق خاندان مستفید

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بدین کے مستحق، نادار اور سفید پوش خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا تاکہ انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی بدین، ماتلی، گولارچی، ٹنڈوباگو اور دیگر چھوٹے بڑے قصبات میں 2 ہزار سے زائد مستحق گھرانوں تک فی سبیل اللہ قربانی کا گوشت پہنچایا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی اور الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بدین کے صدر غلام رسول احمدانی نے کہا کہ عید قرباں ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ہر شے قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوشت کی تقسیم صرف فلاحی سرگرمی نہیں بلکہ انسانیت سے ہمدردی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا عملی مظہر ہے۔

الخدمت کے رضاکاروں نے عید کے تینوں دن اپنی خوشیاں قربان کر کے بیواؤں، یتیموں اور ضرورت مند خاندانوں تک گوشت پہنچایا تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہمیشہ معاشرے کے کمزور طبقات کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان کے ساتھ ساتھ فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے بھی بڑے پیمانے پر قربانی کا اہتمام کیا، جس کا گوشت سینکڑوں مستحق خاندانوں تک پہنچایا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button