پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، علی امین گنڈا پور کے آبائی ضلعے ڈی آئی خان کے ترقیاتی فنڈز روک دیے گئے


پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرنے لگے، خیبرپختونخوا حکومت نے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ترقیاتی فنڈز روک دیے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا فون نمبر بھی بلاک کر رکھا ہے۔
قومی اسمبلی کے رکن فیصل امین گنڈاپور نے ڈی آئی خان کے فنڈز روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی آخری 43 ارب روپے کی مجموعی ریلیز میں ڈی آئی خان کے لیے صرف 8 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔
فیصل امین گنڈاپور کے مطابق ڈی آئی خان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر 50 سے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کام مکمل ہوچکا ہے، تاہم اس کی ادائیگیاں واجبات کی صورت میں موجود ہیں اور مالی سال 2026-27 کے لیے ان منصوبوں کو کوئی بجٹ مختص نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اے ایس ڈی آئی، ڈی آئی خان کے لیے بھی رواں مالی سال کوئی بجٹ مختص نہیں کیا گیا اور منصوبے کی بجٹ تخصیص صفر رکھی گئی ہے۔