آزاد کشمیر انتخابات 2026 مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے، ملتوی ہونے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، چیف الیکشن کمشنر

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 مقررہ شیڈول کے مطابق بروقت منعقد ہوں گے، جبکہ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں اور فیک نیوز بے بنیاد ہیں۔

اپنے خصوصی پیغام میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں، ملازمین کی پولنگ بھی کل طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگی اور اس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں سمیت تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ میٹریل پہنچا دیا گیا ہے۔ تاہم حلقہ LA-24 پونچھ و سدھنوتی-7 (بلوچ) میں ایک امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ ری شیڈول کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق LA-24 کے علاوہ تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوگی۔

جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تمام انتظامی اور انتخابی تیاریاں مکمل ہیں، جبکہ انتخابات کے دوران پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس فورس بھی تعینات رہے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و خطر گھروں سے نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے اور انتخابات شفاف، آزادانہ، غیر جانبدار اور پرامن انداز میں کرانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ انتخابات مؤخر کرنے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہونے کے بعد انتخابات ہر صورت مقررہ وقت پر ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button