آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں 27 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت آزاد جموں و کشمیر نے الیکشن کمیشن کی سفارش پر 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق عام تعطیل کا فیصلہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے پیش نظر کیا گیا، جو 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں منعقد ہوگی۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے پولنگ کے روز ووٹروں کو سہولت فراہم کرنے اور انتخابی عمل کے پرامن، منظم اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کو عام تعطیل کی سفارش کی تھی، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ عام تعطیل صرف میرپور ڈویژن تک محدود ہوگی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے دیگر ڈویژنز میں سرکاری دفاتر اور معمول کی سرگرمیاں حسبِ معمول جاری رہیں گی۔
ادھر الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے پرامن، شفاف اور منصفانہ انعقاد کے لیے سکیورٹی، پولنگ اسٹیشنز اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔



