آزاد کشمیر میں اہم سیاسی پیش رفت، پیپلز پارٹی کے امیدوار دستبردار، جے یو آئی (ف) کے امیدوار کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سے جمعیت علمائے اسلام (ف) آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور انتخابی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے عشر، زکوٰۃ و سماجی بہبود اور ایل اے 23 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار محمد حسین بھی شریک تھے۔

اس موقع پر سردار محمد حسین نے پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق ایل اے 23 کے انتخاب میں مولانا سعید یوسف کے حق میں دستبردار ہونے اور ان کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کیا۔

مولانا سعید یوسف نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سردار محمد حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ سیاسی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما چوہدری ریاض بھی موجود تھے، جبکہ شرکاء نے خطے کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

مزید خبریں

Back to top button