مسلم لیگ ن کے طارق فاروق 32 ووٹ لے کر آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر منتخب

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)مسلم لیگ ن کے طارق فاروق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پولنگ کے عمل میں مسلم لیگ ن کے طارق فاروق 32 ووٹ لےکر اسپیکر منتخب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری قاسم مجید 14 ووٹ حاصل کرسکے۔
ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے احمد رضا قادری 32 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ عامر غفار لون کو 14 ووٹ ملے۔
گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے 8 مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ ن نے 6 اور پیپلز پارٹی نے دو پر کامیابی حاصل کی تھی۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 46 اراکین نے حلف اٹھایا تھا، ن لیگ نے مجموعی طور پر 31 نشستوں اور پی پی 14نشستوں پر کامیابی سمیٹی، عوامی دست وبازو کی ایک نشست پر ن لیگ کے ساتھ اتحادکے بعد ن لیگ کی 32 نشستیں ہیں جبکہ پونچھ اور سدھنوتی میں تاحال انتخاب نہ ہونے کے باعث 7 ممبران کے بغیر حکومت سازی کا عمل سرانجام دیا جا رہا ہے۔



