جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جنوبی لبنان میں فضائی بمباری، 41 افراد شہید

بیروت(ویب ڈیسک) لبنانی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 41 لبنانی شہری شہید ہوئے ہیں۔
17 اپریل کو نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی افواج نے لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اسرائیل نے جبل ریحان، بصلایا اور جزین کے علاقے السريرة پر حملے کیے۔
لبنانی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ السمعیہ میں مسجد کے قریب بھی اسرائیلی حملہ رپورٹ ہوا جبکہ بنت جبیل کے برج قلاویہ پر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملہ اور گولہ باری کی گئی، سرحدی گاؤں خیام میں اسرائیلی فوج نے متعدد گھروں کو آگ لگا دی۔

جنوبی لبنان کے شہر شوکین پر اسرائیلی فضائی حملے میں 3 افراد شہید ہوئے۔ لبنان کےضلع نبطیہ میں بھی اسرائیلی بمباری سے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ القنطرہ میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ لبنان میں 2 ماہ کےدوران اسرائیلی حملوں میں شہید افراد کی تعداد 2659 ہوگئی۔



