افغان مہاجرین سے جان چھڑاؤ،قطر نے امریکا کودوٹوک جواب دے دیا

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)قطر نے امریکا سے کہا ہے کہ دوحہ میں مقیم افغان مہاجرین کو29ستمبر2026تک کسی اور مقام پر منتقل کیا جائے کیونکہ ان کی میزبانی کا معاہدہ عارضی بنیادوں پر کیا گیا تھا۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری سفارتی دستاویزات کے مطابق دونوں ممالک نے اس معاہدے کو 2026 تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے تاہم قطر نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ مستقل نہیں ہو سکتا۔یہ معاہدہ ان افغان شہریوں سے متعلق ہے جنہیں 2021 میں طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد افغانستان سے نکالا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق ان افراد کو دوحہ کے قریب واقع ’کیمپ السیلیہ‘ میں رکھا گیا ہے جہاں وہ امریکا یا دیگر ممالک میں آبادکاری کے منتظر ہیں۔ اس وقت 1100 سے زائد افغان مہاجرین اس مرکز میں موجود ہیں۔دستاویزات کے مطابق قطر نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ کیمپ میں موجود تمام افراد کی قانونی حیثیت کا فیصلہ کیا جائے جبکہ مزید افغان مہاجرین کو قطر نہ بھیجنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔



