بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں نہیں رکھا!سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ  پی کے)بانی پی ٹی آئی کےاڈیالہ جیل میں تین سال مکمل ہو گئے جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نےاسلام آبادہائیکورٹ میں رپورٹ پیش کردی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نےبانی ٹی آئی کوقید تنہائی میں رکھنےاورامتیازی یاغیرمساوی سلوک کی تردیدکردی ہے۔

جسٹس خادم حسین سومروکل قید تنہائی سےمتعلق درخواست پرسماعت کریں گے، رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہناتھا کہ جیلوں میں قیدتنہائی کا نظام تقریباً ختم ہو چکا اب یہ رائج نہیں، اڈیالہ جیل میں کسی بھی قیدی بشمول بانی پی ٹی آئی کوقید تنہائی میں نہیں رکھا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو سزا ہو چکی وہ قانون کے مطابق قید کاٹ رہے ہیں، ان کے ساتھ دوسرے قیدیوں کی طرح ہی قانونی سلوک کیاجارہا ہے، بانی کے ساتھ کوئی امتیازی یاغیرمساوی برتاؤ نہیں کیا جا رہا ، بہترکلاس قیدی ہونےکی وجہ سےانہیں کچھ اضافی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

سابق وزیراعظم اور پارٹی قائد کی حیثیت سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات ہیں، عام قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کے رہائشی حصےتک رسائی نہیں دی جاتی، بانی کوجو سہولیات حاصل ہیں ان سے بھی ظاہر ہوتا ہے یہ قیدی تنہائی نہیں، بانی پی ٹی 7 سیل پر مشتمل کمپاؤنڈ میں دن بھرآزادانہ چل پھر سکتے ہیں۔

صرف رات کےمخصوص اوقات میں بانی پی ٹی آئی سیل میں رہتے ہیں، جیل افسران اورعملہ بانی کی ضروریات کے متعلق رابطےمیں رہتا ہے،آگاہ بھی کرتا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل معمول کے مطابق بانی سے ملاقات کرتا ہے،خصوصی ملاقات بھی کرتا ہے۔

جیل کے ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ ان کا معائنہ کرتے ہیں،کھانے کی جانچ کرتے ہیں، بلڈ پریشر،دل کی دھڑکن اورآکسیجن سیچوریشن سمیت دیگر علامات چیک کر کے بتایا بھی جاتا ہے، ضرورت پڑنے پر بانی کا اضافی طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔

بانی کیلئے ایک کل وقتی سزا یافتہ قیدی مقرر ہے جو روزانہ تین وقت کا من پسند کھانا تیار کرتا ہے، بانی کو قدرتی روشنی،تازہ ہوا اور طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک ورزش کی سہولت حاصل ہے، جیل مینوئل کے مطابق بانی کی رازداری بھی یقینی بنائی گئی ہے ۔

بانی شام لاک اَپ ہونے تک آزادانہ نقل وحرکت اور اپنی پسند کے مطابق سرگرمی کر سکتے ہیں، ان کی قید کی جگہ محفوظ اور مکمل نگرانی میں ہے جہاں عملہ مناسب تعدادمیں موجودہے، جیل حکام بانی کے قید کی جگہ کے حفاظتی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہتے ہیں۔

جیل قواعد کے مطابق بانی کو ہر منگل اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت ہے، ان کو باقاعدگی سے اپنی پسند کے اخبارات اور کتابیں فراہم کی جاتی ہیں ، فرینڈ آف کورٹ کے طور پر سلمان صفدرنے 10 فروری کو بانی کے سیل کا معائنہ بھی کیا تھا ۔

مزید خبریں

Back to top button