پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں2027 سے ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں پرائمری سطح پر تدریس کے نظام میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے پانچویں جماعت تک طلبہ کے لیے نئی طرز کی ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
پیکٹا حکام کے مطابق نئی کتابیں 2027 کے نئے تعلیمی سیشن سے نصاب کا حصہ بنیں گی، جبکہ نئے کریکولم کے مطابق کتابوں کی تیاری کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار پانچویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے ایکٹیویٹی بیسڈ لرننگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت روایتی اندازِ تدریس کے بجائے بچوں کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم دینے پر توجہ دی جائے گی۔
نئے نظام کا بنیادی مقصد طلبہ کو رٹہ سسٹم سے نکال کر عملی، تخلیقی اور تنقیدی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ ایکٹیویٹی بیسڈ کتابوں میں بچوں کو نصابی مواد صرف پڑھنے کے بجائے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سمجھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پیکٹا حکام کے مطابق نئے طریقۂ تدریس سے پرائمری سطح پر طلبہ کی عملی سرگرمیوں پر مبنی تعلیم کو فروغ ملے گا، جبکہ بچے حاصل کردہ علم کو روزمرہ زندگی سے جوڑنے کے قابل بھی ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے کریکولم کے مطابق کتابوں کی تیاری جاری ہے اور 2027 کے نئے تعلیمی سال سے پنجاب بھر میں نئی طرز کی کتابوں کے ذریعے تدریس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔



