پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی عابد خان سندرانی پر3خواتین کے اغوا کا مقدمہ
مدعیہ کیس سے دستبردار ہوگئی،ایس ایس پی دادو

دادو(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) کشمور ضلع سے منتخب پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر سردار عابد خان سندرانی سمیت دیگر ملزموں کیخلاف 3خواتین کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمہ اے سیکشن تھانہ میہڑ میں گناہ نمبر 349/2025 کے تحت درج کیا گیا۔مقدمہ رامپور محلہ کی رہائشی مسماۃ حسینہ ڈھر کی مدعیت میں درج ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم میر احمد جاگیرانی اور اس کی والدہ مسماۃ نظیران جاگیرانی، حسینہ ڈھر کی بیٹی فوزیہ کو فون پر تنگ کرتے تھے اور کئی بار ان کے گھر بھی آئے۔ 20 اگست کو میر احمد جاگیرانی، اس کی والدہ اور تین نامعلوم افراد اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور بیٹی فوزیہ، نسرین اور بھتیجی فاطمہ کو زبردستی ریوا گاڑی میں اغوا کرکے لے گئے۔متاثرہ خاتون کے مطابق واقعے کے بعد انہوں نے مقامی معززین سے رجوع کیا اور بعد میں سردار عابد خان سندرانی سے بھی مدد کی درخواست کی۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ سردار عابد خان سندرانی نے ملزموں سے فون پر بات کرتے ہوئے خواتین کو واپس کرنے اور فیصلے کیلئے 9 ستمبر کو آنے کا کہا۔خاتون کے مطابق وہ اپنے بیٹے نعیم کے ساتھ مقررہ تاریخ پر سردار عابد خان سندرانی کے پاس گئیں، جہاں سردار عابد خان نے خواتین کی واپسی کے بدلے 30 سے 40 لاکھ روپے تاوان طلب کیا۔ایس ایس پی دادو کے مطابق مدعیہ کیس سے دستبردار ہوگئی ہے۔



