عباس عراقچی مذاکرات کیلئے چین پہنچ گئے، وانگ ای سے ملاقات

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کیلئے چین پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ای سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چین نے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ خطے میں مزید کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ بیجنگ خطے میں کشیدگی میں اضافے اور اس کے یمن و بحیرہ احمر تک پھیلاؤ کا خواہاں نہیں۔
وانگ ای نے امریکا اور ایران سے زیرِ التوا معاملات پر بامعنی مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے اتفاقِ رائے کی بنیاد پر مذاکراتی فریم ورک کو بحال کیا جانا چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری تنازع کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں، اس لیے اختلافات کے حل کیلئے سفارتی کوششوں اور مذاکراتی عمل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔



