یونان کا ٹوٹا ہوا پل بند ہونے کے باوجود گاڑیوں کی آمدورفت کا مرکز

تھیسالی(جانوڈاٹ پی کے)ستمبر 2023 میں یونان، بلغاریہ اور ترکی میں آنے والے مہلک طوفان ’ڈینئیل‘ نے جہاں ہزاروں افراد کی جانیں لیں اور اربوں ڈالرز کا نقصان پہنچایا، وہیں یونان کے خطے تھیسالی کے تقریباً 79 پلوں کو بھی تباہ کر دیا تھا۔

ان میں سے ایک تاریخی پل ’پالائیو پیرگوس‘ بھی تھا جو سیلاب کے شدید دباؤ پر بیچ سے ٹوٹ کر مڑ گیا تھا۔

ٹیمپی اور اگیا کی ساحلی آبادیوں کو ملانے والا یہ پل مقامی لوگوں کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے۔ طوفان کے بعد یہ پل بیچ میں سے اس حد تک نیچے بیٹھ چکا کہ اس کا درمیانی حصہ نیچے بہتے دریا کے پانی سے محض چند انچ کے فاصلے پر ہے۔

سرکاری طور پر 2023 میں ہی اس پل کو ’تباہ شدہ‘ قرار دے کر ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیا گیا تھا لیکن انتظامیہ کی سستی کے باعث نہ تو یہاں کوئی مضبوط رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور نہ ہی اسے دوبارہ تعمیر کیا گیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متبادل راستے سے جانے پر طویل چکر کاٹنا پڑتا ہے جس سے وقت اور پیٹرول دونوں ضائع ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ روزانہ درجنوں من چلے ڈرائیورز تنبیہی بورڈز کو نظر انداز کر کے اس پل سے گزرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نیویگیشن اور نقشوں کی غلطی کے باعث اکثر سیاح بھی اس تباہ شدہ پل کی طرف آ نکلتے ہیں، جن میں سے بیشتر خوفزدہ ہو کر واپس مڑ جاتے ہیں جبکہ کچھ ایڈونچر کے شوقین اس پر سے گاڑی گزارنے کا خطرہ مول لے لیتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button