پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

ہمبنٹوٹا(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے میں سری لنکا ویمن کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تین میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم نے 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی۔ قومی کھلاڑی گل فیروزہ اور سدرا امین نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 210 رنز بنائے۔ میزبان ملک کی کپتان چماری اتاپتو اور نیلاکاشکا سلوا 46، 46 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔
پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 3 جبکہ تسمیہ رباب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان ویمن ٹیم نے ہدف 7 اوورز پہلے پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے گل فیروزہ نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ سدرا امین نے 57 رنز بنائے۔ دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 90 رنز جوڑے۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان ویمن ٹیم کو 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔



