پنجاب میں دفعہ 144 میں 30 روز کی توسیع، کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر پابندی برقرار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 30 روز کی توسیع کرتے ہوئے کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آؤٹ ڈور ڈرون کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر منعقد ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری تقریب کے منتظمین پر عائد ہوگی۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

ڈرون کے محفوظ اور قانونی استعمال کے لیے ضلعی سطح پر "سیف ڈرون یوزیج کمیٹی” بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جو زرعی، آبپاشی، تحقیقی اور دیگر مجاز مقاصد کے لیے تحریری اجازت جاری کرے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی سے پیشگی تحریری اجازت حاصل کرنے والے افراد اور ادارے مخصوص مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کر سکیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button